حج اور عمرہ کی اصطلاحات
حج کے مسائل میں بعض عربی لفظ استعمال ہوتے ہیں آسانی کے لئے مطلب کے ساتھ یہاں نقل کئے جا رہے ہیں .
استلام : حجر اسود کو بوسہ دینا اور ہاتھ سے چھونا یا حجر اسود اور رکن یمانی کو صرف ہاتھ لگانا .
اضطباع : احرام کی چادر کو داہنی بغل سے نکال کر بائیں کندھے پر ﮈالنا .
طواف : بیت اللہ کے چاروں طرف سات چکر مخصوص طریقے سے لگانا .
شوط : ایک چکر بیت اللہ کے چاروں طرف لگانا .
رمل : طواف کے پہلے تین پھیروں میں اکڑ کر شانہ ہلاتے ہوئے قریب قریب قدم رکھ کر ﺫرا تیزی سے چلنا ( اگر جگہ ہو اور دوسروں کو تکلیف بھی نہ ہو ) .
مطاف : طواف کرنے کی جگہ جو بیت اللہ کے چاروں طرف ہے .
رکن یمانی : بیت اللہ کے جنوب مغربی گوشہ کو کہتے ہیں .
مقام ابراھیم : جنتی پتھر ہے , حضرت ابراہیم علیہ السلام نے اس پر کھڑے ہو کر بیت اللہ کی تعمیر کی تھی , مطاف کے مشرقی کنارے پر منبر اور زمزم کے درمیان ایک جالی دار قبہ میں رکھا ہوا ہے .
ملتزم : حجر اسود اور بیت اللہ کے دروازہ کے درمیان کی دیوار جس سے لپٹ کر دعا مانگنا مسنون ہے .
زمزم : مسجد حرام میں بیت اللہ کے قریب مشہور چشمہ جو اب کنویں کی شکل میں ہے .
دم : احرام کی حالت میں بعض ممنوع افعال کرنے پر جانور کے ﺫبح کا وجوب .
آفاقی : وہ شخص جو میقات کی حدود سے باہر رہتا ہو .
تلبیہ : پورا لبیک پڑھنا .
ایام تشریق : ﺫو الحجہ کی گیارہویں , بارہویں اور تیرہویں تاریخ ایام تشریق کہلاتی ہیں .
ایام نحر : دس ﺫی الحجہ سے بارہویں ﺫی الحجہ تک .
افراد : صرف حج کا احرام باندھنا اور صرف افعال حج کرنا .
قران : حج اور عمرہ دونوں کا احرام ایک ساتھ باندھ کر پہلے عمرہ کرنا پھر حج کرنا .
تمتع : حج کے مہینوں میں پہلے عمرہ کرنا پھر اسی سال حج کا احرام باندھ کر حج کرنا .
جمرات یا جمار : منی میں تین مقامات پر جہاں پر کنکریاں ماری جاتی ہیں . ان میں سے جو مسجد خیف کے قریب مشرق کی طرف والے کو جمرہ اولی اور مکہ مکرمہ کی طرف بیچ والے کو جمرہ وسطی اور اس کے بعد والے کو جمرہ کبرہ کہتے ہیں ( اسے جمرہ عقبہ اور جمرہ اخری بھی کہتے ہیں ) .
رمی : کنکریاں مرنا .
سعی : صفا و مروہ کے درمیان مخصوص طریقے سے سات چکر لگانا .
میلین اخضرین : صفا و مروہ کے درمیان دو سبز میل لگے ہوئے ہیں جن کے درمیان سعی جرنے والے دوڑ کر چلتے ہیں .
عرفات یا عرفہ : مکہ مکرمہ سے تقریبا 9 میل مشرق کی طرف ایک میدان ہے جہاں پر حاجی نویں ﺫی الحجہ کو ٹھہرتے ہیں , اس دن کو یوم عرفہ کہا جاتا ہے .
موقف : اس کا عام مطلب ہے ٹھہرنے کی جگہ مگر افعال حج میں اس سے مراد میدان عرفات یا مزدلفہ میں ٹھہرنے کہ جگہ .
وقوف : عام مطلب ٹھہرنا مگر احکام حج میں اس سے مراد عرفات یا مزدلفہ میں خاص وقت میں ٹھہرنا .
میقات : وہ مقام جہاں ( حج یا عمرہ کی نیت ) سے جانے والے کے لئے احرام باندھنا واجب ہے .
حرم : مکہ مکرمہ کے چاروں طرف کچھ علاقہ جس میں شکار کھیلنا گھاس یا درخت کاٹنا , جانور چرانا حرام ہے .
حل : حرم کے چاروں طرف میقات تک جو علاقہ ہے اسے حل کہتے ہیں کیونکہ اس میں وہ افعال حلال ہیں جو حرم میں حرام ہیں .
حلق : سر کے بال منڈوانا .
قصر : بال کتروانا .
حطیم : بیت اللہ کی بیرونی دیوار جہاں میزاب رحمت (پرنالہ) ہے اور اس کے ساتھ نیم دائرے کی شکل میں تھوڑی سی احاطہ کی ہوئی جگہ .